بنگلورو: کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے۔ شیوکمار نے منگل کو الزام لگایا کہ بی جے پی مذہب کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھگوان رام بھگوا پارٹی کی جائیداد نہیں ہے۔
نائب وزیراعلی ڈی کے شیو کمار نے بنگلورو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''بی جے پی مذہب کے ساتھ سیاست کر رہی ہے۔ سیاست میں دھرم ہونا چاہیے، لیکن اس کے برعکس نہیں۔ سدارامیا میں رام، شیو کمار میں شیوا، ہری پرساد میں ہری اور کرشنا بیریگووا کے ناموں میں کرشنا ہے۔ ہندو مذہب بی جے پی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’’ہماری حکومت محکمہ مزری، حج کمیٹی اور محکمہ اقلیتی بہبود کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔ بی جے پی اقتدار میں تھی، اس نے عوام پر مبنی پروگرام کیوں نہیں شروع کیے؟ انہوں نے کہا کہ "پانچ گارنٹی اسکیمیں تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔ ہماری جے ڈی ایس کے ساتھ حکومت تھی۔ اب جے ڈی ایس نے انہی لوگوں سے ہاتھ ملایا ہے جنہوں نے اس حکومت کو گرایا تھا"۔
مزید پڑھیں: بی جے پی کرناٹک میں کانگریس حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے: شیوکمار
کرناٹک وزیراعلی سدارامیا اور نائب وزیراعلی ڈی کے شیوکمار کی جانب سے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگانے پر بی جے پی کے رہنماوں کی نکتہ چینی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ’’کیا سری رام ان کی ذاتی ملکیت ہے؟ رام سب کا ہے۔ وہ کانگریس کو ہندو مخالف قرار دینے کے لیے جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ راملنگا ریڈی کی قیادت میں محکمہ مزری نے تمام مندروں میں خصوصی پوجا کی ہے اور بی جے پی یہ بات ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔
( آئی اے این ایس )