نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا راجیہ سبھا میں قائد ایوان بن گئے ہیں۔ وہ مرکزی وزیر پیوش گوئل کی جگہ لیں گے۔ کیونکہ پیوش گوئل شمالی ممبئی سیٹ جیت کر لوک سبھا پہنچے ہیں۔ جے پی نڈا کو اسی سال راجیہ سبھا بھیجا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ جے پی نڈا ان 41 امیدواروں میں شامل تھے جو اس سال فروری میں ایوان بالا ( راجیہ سبھا)کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ بی جے پی نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نڈا، اشونی وشنو، ایل مروگن اور پارٹی ترجمان سدھانشو ترویدی کو دوسری مدت کے لیے دوبارہ نامزد کیا تھا۔
بی جے پی کے صدر کے طور پر جے پی نڈا کی میعاد اس سال جنوری میں ختم ہوگئی تھی۔ لیکن 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ان کی میعاد میں چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی جو اب جون میں ختم ہو رہی ہے۔
جے پی نڈا بی جے پی میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کئی ریاستوں میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کی۔ یہی نہیں، وہ اپنی آبائی ریاست ہماچل پردیش میں بی جے پی حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
اس سے پہلے پی ایم مودی نے صحت کی وزارت جے پی نڈا کو دی تھی۔ نڈا نے مودی حکومت کے پہلے دور میں وزارت صحت کا عہدہ سنبھالا تھا۔ واضح رہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔