بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں مہتوا کانکشی ’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘‘ اسکیم سے متعلق خواتین کو آگاہ کرنے کی غرض سے چاڈورہ کے پلاش (چائلڈ کیئر انسٹی ٹیوٹ) میں ایک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی پروگرام سماجی بہبود آفیسر بڈگام ڈاکٹر سید فرحانہ اصغر کی نگرانی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہَب کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا جس میں بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں طالبات کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
بیداری کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مقررین نے بچیوں کی تعلیم اور تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی تلقین کی۔ پروگرام کے دوران ڈی ایچ ای ڈبلیو کے ایک مقرر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بی بی بی پی کا موثر نفاذ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔