میڈرڈ: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اسپین میں اب پیدل چلنے والے بھی بھاری جرمانہ ادا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسپین میں سڑکوں پر غلط طریقے سے پیدل چلنے والوں کو محکمہ ٹریفک کی جانب سے 1,000 یورو تک کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے والوں کو بھی ٹریفک اور روڈ سیفٹی قانون کے ضوابط کی تعمیل کرنی ہوگی، اور قانون کی تعمیل کی ناکامی کی صورت میں محکمے کی جانب سے ہزار یورو تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔
محکمے نے پیدل چلنے والے افراد کی تعریف بھی متعین کی ہے، ٹریفک اور روڈ سیفٹی قانون کے مطابق پیدل چلنے والا شخص وہ ہے جو ڈرائیور نہیں ہے، اور جو عوامی سڑکوں پر پیدل سفر کرتا ہے۔ ہسپانوی محکمہ ٹریفک کے مطابق مندرجہ ذیل صورتوں میں پیدل چلنے والوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ زیبرا کراسنگ استعمال کیے بغیر سڑک کراس کرنا، موٹر وے یا دوہری کیریج ویز پر چلنا، پیدل چلنے والوں کے لیے موٹر ویز یا دوہری کیریج ویز پر چلنے کی سختی سے ممانعت ہے، اس کی اجازت صرف خاص حالات میں ہے۔