گیا:ریاست بہار کے گیا امبارکیشن پوائنٹ سے حج سفر 2024 پر جانے والے عازمین حج کی سہولتوں کے حوالہ سے میٹنگیں ہونے لگی ہیں۔ حالانکہ ابھی حتمی شیڈول جاری نہیں ہوا ہے کہ گیا امبارکیشن پوائنٹ سے 9 مئی یا 26 مئی سے پرواز ہوگی۔ حج بھون کی جانب سے بتایا گیا کہ 9 مئی سے پرواز ہوگی جب کہ گیا ہوائی اڈہ پر موصول شیڈول کے مطابق 26 مئی سے پرواز ہوسکتی ہے۔ پرواز کا حتمی شیڈول تو ابھی نہیں آیا ہے تاہم ریاستی سطح پر اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Gujarat Haj Pilgrims سفر حج کی تیاری پر گجرات حج کمیٹی کے ماسٹر ٹرینر سے خصوصی گفتگو
گزشتہ 23 مئی کو بہار کے چیف سکریٹری برجیش ملہوترا کی صدارت میں پٹنہ گیا جہان آباد کے افسران کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ ہوئی تھی۔ اب ایک جون کو گیا ہوائی اڈہ پر میٹنگ ہوگی۔ جس میں خود چیف سکریٹری شامل ہوں گے۔ ان کے علاوہ محکمۂ اقلیتی فلاح کے پرنسپل سکریٹری اور دیگر اعلی افسران سمیت گیا ڈی ایم، ایس ایس پی، ایئر پورٹ اتھارٹی کے افسران اور حج ٹرینر وغیرہ شامل ہوں گے، اس میٹنگ میں گیا ہوائی اڈہ، جہان آباد میں پٹنہ سے گیا سفر کے دوران کچھ دیر کے وقفہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح کے انتظامات ہوں گے۔
گزشتہ برس کے انتظامات کی روشنی میں اس برس مزید اور کیا انتظامات ہونے ہیں ان سب چیزوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، حالانکہ ابھی صرف انتظامات کے حوالہ سے میٹنگ ہی ہورہی ہے۔ لیکن ابھی تک کوئی کام شروع نہیں ہوا ہے۔ یہاں تک کہ ابھی گیا میں حج بھون کی جانب سے ہونے والے حج تربیتی کیمپ اور عازمین حج کی ٹیکہ کی تاریخ بھی متعین نہیں ہوئی ہے۔ اگر نو مئی سے ہی پرواز کا سلسلہ شروع ہوا تو آئندہ ایک ہفتہ کے دوران عازمین حج کو شدید گرمی اور لہر کے درمیان بھاگ دوڑ کرنا پڑے گا کیونکہ پرواز کے دو دن پہلے حج بھون پٹنہ کو رپورٹنگ بھی کرنی ہوتی ہے۔
عازمین حج کو منجاٹس اور انفلوئنزا کا انجیکشن لگوانے کے ساتھ پولیو کی خوراک پینا بے حد ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہے۔ چونکہ عازمین حج میں زیادہ تر عمر رسیدہ بزرگ ہوتے ہیں تو اس صورت میں پریشانی واقع ہو سکتی ہے۔ واضح ہو کہ چیف سکریٹری برجیش ملہوترا پہلی بار چیف سکریٹری بننے کے بعد گیا آئیں گے یہاں وہ حج سفر کی تیاریوں کے تعلق سے جائزہ لینے آرہے ہیں۔