جے پور: جے پور میں جمعرات کی صبح ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے تین نابالغوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سلنڈر دھماکے کے بعد خاندان کا کوئی بھی فرد گھر سے باہر نہیں نکل سکا کیونکہ اسے داخلی دروازے کے قریب ایک کمرے میں رکھا گیا تھا۔
یہ واقعہ وشوکرما تھانہ علاقے کے جیسلیا گاؤں میں صبح 7.30 بجے پیش آیا۔ اے سی پی اشوک چوہان نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ راجیش، اس کی 24 سالہ بیوی روبی،سات سالہ اشو، دو سالہ دلخش اور چار سالہ خوشمانی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس خاندان کا تعلق بہار کے موتیہاری ضلع سے تھا اور وہ یہاں کرائے پر رہ رہا تھا۔