علی گڑھ: ریاست اترپردیش کے ایودھیا میں نو تعمیر شدہ رام مندر کا افتتاح آج وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا۔ اس موقع پر ایودھیا کے ساتھ ساتھ ملک اور بیرونی ممالک سے اہم شخصیات نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ رام مندر کا افتتاح کرنے کے بعد پی ایم مودی نے عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آج تقریبا 8000 سے زیادہ مہمان ایودھیا پہنچے تھے۔ وی آئی پی میں فلم اور کھیلوں کی اہم شخصیات کے ساتھ سیاست فن اور صنعت کی دنیا کی کئی شخصیات شامل تھے۔
رام مندر کی افتتاحی تقریب اور بابری مسجد کی تاریخ سے متعلق پدم بھوشن معروف مؤرخ پروفیسر ایمریٹس عرفان حبیب نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ 'اس معاملے پر مجھے کچھ نہیں کہنا ہے، لیکن یہ بات واضح ہے کہ بابری مسجد کی تاریخ کے مطابق اس کی تعمیر کسی مندر پر نہیں کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی تاریخی حیثیت کو نظر انداز کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے مطابق رام مندر کی تعمیر کی گئی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'رام مندر کی تعمیر سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ میری نظر میں غلط ہے۔'
عرفان حبیب نے بتایا کہ 'علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) سمیت ملک کی دیگر یونیورسیٹی سے پروفیسر اور رسرچ اسکالرز ایودھیا بابری مسجد کی خدائی کے دوران گئے تھے۔ جس میں زیادہ تر غیر مسلم شامل تھے۔ سبھی مورخین نے ثبوت کے بنا پر کہا تھا کہ یہاں رام مندر نہیں تھا، باوجود اس کے سپریم کورٹ نے سبھی ثبوت کو نظر انداز کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا تھا۔'