حیدرآباد : خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤں کی وجہ سے آندھرا پردیش میں بارش سے متعلق واقعات میں اب تک دونوں ریاستوں میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں 10 افراد جبکہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وجئے واڑہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چار افراد کی موت ہوگئی۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا بھی اعلان کیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے عہدیداروں نے بتایا کہ جمعہ کی رات سے آندھرا پردیش میں وجئے واڑہ سمیت کئی مقامات پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں مسلسل شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہائی الرٹ کردیا اور بھاری بارش والے علاقوں میں اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔
وہیں تلنگانہ میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ مختلف اضلاع کے علاوہ حیدرآباد میں زبردست بارش ہورہی ہے جہاں کئی سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ حکام نے کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ ضلع کلکٹر نے پیر 2 ستمبر کو حیدرآباد کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔