گیا:ماؤنٹن مین کے نام سے معروف دشرتھ مانجھی کی یاد گار'گہلور پہاڑی'سے آج ووٹنگ فیصد بڑھانے کا عزم کیا گیا۔ جمہوریت کے عظیم تہوار میں حق رائے دہندگان کی شراکت داری ہو۔ اس کے لیےدوڑ بھی لگائی گئی۔ اس میں ضلع پولیس، انتظامیہ کے اعلیٰ افسران و اہلکار، سماجی خدمت گار اور علاقے کے نوجوان شامل ہوکر قریب آٹھ کلو میٹر کی دوڑ لگائی ہے۔
دوڑ کی قیادت خود ایس ایس پی آشیش بھارتی کررہے تھے اور وہ بھی دشرتھ مانجھی پہاڑی گہلور سے تیتر ڈیم تک آٹھ کلو میٹر دوڑے۔ اس دوران اُنہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ اپنا بیش قیمتی ووٹ دیں۔ کیونکہ اس سے آپکا مستقبل جڑا ہوا ہے۔ بے خوف ہوکر اچھے اُمیدواروں کا انتخاب کریں۔ دراصل ضلع گیا کے تحت گیا پارلیمانی حلقہ میں عام انتخابات 2024 ہو چکا ہے۔
ضلع میں کل 10 اسمبلی حلقے ہیں جبکہ ان میں کل 24 بلاک ہیں، گیا پارلیمانی حلقہ میں 6 اسمبلی حلقے آتے ہیں جبکہ تین اسمبلی حلقہ اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ میں واقع ہے۔ جبکہ ایک اسمبلی حلقہ 'اتری' جہان آباد پارلیمانی حلقے میں واقع ہے۔ اتری میں چار بلاک ہیں۔گیا اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقے میں ووٹنگ پہلے مرحلے میں ہی ہوچکی ہے جبکہ جہان آباد میں آئندہ یکم جون یعنی کہ آخری مرحلے میں ووٹنگ ہے۔
گیا اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقے میں واقع گیا ضلع میں گزشتہ پارلیمانی انتخاب 2019 کے بنسبت اس بار 2024 میں قریب چار فیصد ووٹنگ فیصد کم ہوئی ہے۔ 2019 میں 56 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ اس بار گیا پارلیمانی حلقہ کی ووٹنگ فیصد 52 فیصد کے قریب رہی ہے۔ اس کو لیکر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کوشش ہے کہ ضلع گیا کے اتری اسمبلی حلقہ جہاں ابھی انتخاب ہونا ہے وہاں ووٹنگ فیصد میں گزشتہ بار کی بنسبت اس بار اضافہ ہو۔