مظفر نگر: فشرمین کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر دیویندر کشیپ گذشتہ 89 دنوں سے انتہائی پسماندہ لوگوں کے ریزرویشن اور مختلف مطالبات کو لے کر اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے کلکٹریٹ میں کانگریس کے کارکنان کے ساتھ ستیہ گرہ دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت پسماندہ لوگوں کا استحصال کر رہی ہے۔ پسماندہ لوگوں کی حمایت کرنے والوں کی آواز بلند دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پسماندہ لوگوں کی آواز کو بلند کرنے کے لیے ہم کل دہلی کے جنتر منتر پر زبردست احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری تیاری کر لی ہے۔ ہم گذشتہ 89 دنوں سے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے باہر ستیہ گرہ احتجاج پر بیٹھے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ انتہائی پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کا بٹوارہ ہو۔ ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے۔ آبادی اور ریزرویشن کے حساب سے حصہ داری طے کرکے لوک سبھا اسمبلی سیٹوں میں پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دیا جائے۔ ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی طرح پسماندہ طبقات کا ایکٹ بھی ہو۔