حیدرآباد: روس-یوکرین جنگ میں شامل کیے جانے والے محمد اسفان کی آخری رسومات اتوار کو حیدرآباد میں ادا کی گئیں۔ حیدرآبادی نوجوان روس یوکرین جنگ میں چند دن قبل ہلاک ہوگئے تھے۔ حیدرآبادی 30 سالہ اسفان کو بازار گھاٹ میں واقع مسجد قطب شاہی سے متصل قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اسفان کی میت ہفتہ کو دیر گئے حیدرآباد لائی گئی تھی،
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اسفان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ کو تسلی دی۔ رشتہ داروں، دوستوں اور بازار گھاٹ علاقہ کے دیگر مکینوں نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے اس کی موت کی تصدیق کے 10 دن بعد اسفان کی لاش بازار گھاٹ کے علاقے میں اس کے گھر لائی گئی۔ اس کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے، ایک آٹھ ماہ کی بیٹی اور دو سالہ بیٹا شامل ہیں۔
اسفان جو کہ ایک ریڈی میڈ گارمنٹس کی دکان میں کام کرتا تھا، دبئی میں مقیم ایک جاب ایجنٹ نے دھوکہ دیا۔ وہ اور دو دیگر لوگ گزشتہ سال نومبر میں شارجہ کے راستے ماسکو گئے تھے جب ان سے روسی فوج میں مددگار کے طور پر نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ان سے ابتدائی طور پر 30,000 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، اور ایجنٹ نے انہیں یہ بھی کہا تھا کہ انہیں بعد میں 1.5 لاکھ روپے ملیں گے۔