گیا: بدھ کو 153 حجاج کرام پر مشتمل دوسرا نورانی قافلہ گیا ہوائی اڈہ پر پہنچا۔ دوسرے قافلے میں 83 مرد اور 70 خواتین تھیں۔ ہوائی اڈہ پر پہلے سے موجود حجاج کرام کے رشتہ دار دوست و احباب نے ان کا والہانہ خیر مقدم کیا اور دعاؤں کے لیے خاص گزارش کرتے نظر آئے۔ دوسرے قافلے میں اپنی والدہ کے ساتھ حج بیت اللہ کے سفر کو مکمل کرکے واپس لوٹے واٹر ریسورس محکمہ کے انجینیئر حاجی نایاب نے کہا کہ دلی خواہش تھی کہ وہ مقامات مقدسہ کا سفر کریں اور حج بیت اللہ اور روضۂ اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کریں۔ خواہش پوری ہوئی ہے اور سفر بھی بحسن خوبی مکمل ہوا۔ ان کے لیے بڑی خوش نصیبی یہ ہے کہ وہ حج جیسی سعادت کو انجام دینے کے لیے اپنی والدہ کے ساتھ گئے تھے۔ ہمارے لیے یہ افضل حج ہے کیونکہ ہم اپنی والدہ کے ساتھ گئے تھے۔ ہمارے بھائی اور والد نہیں ہیں، دل میں تمنا تھی کہ جب بھی میں سفر حج پر روانہ ہوں تو اپنی والدہ کے ساتھ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:
آج 12 گھنٹے کی تاخیر سے گیا ہوائی اڈہ پر پہنچے گا حجاج کا قافلہ - Haj 2024
انہوں نے کہا کہ والدہ ٹیچر کی خدمات سے سبکدوش ہوئی ہیں اور ملازمت میں رہتے ہوئے جانے کا وقت اور موقع کم ہی مل پاتا ہے۔ ارادہ کئی برسوں سے تھا لیکن وہ پورا نہیں ہو پا رہا تھا۔ اس بار اللہ نے ان کے ارادے کو قبول کیا اور سفر کو آسان بنایا اور ہم اس برس حج پر روانہ ہوئے۔ تمام رشتے دار دوست و احباب اور سبھی لوگوں کے لیے دعا کی ہے، خاص کر ملک و ریاست کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی ہے کہ یہاں امن و سکون رہے، نفرت وتشدد کا خاتمہ ہو۔ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں سبھی کی ترقی کی ہے۔ جب کہ جہان آباد کی حجن نور عائشہ نے کہا کہ اتنا سکون کبھی نہیں ملا جو وہاں مقامات مقدسہ پر ملا ہے۔ مدینہ اور مکہ چھوڑنے کا دل نہیں کرتا، بڑی آسانی سے وقت گزر گیا، پتہ ہی نہیں چلا کہ وقت کیسے گزرا، یہاں ایئر پورٹ پر سبھی لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، اللہ سبھی کو خوش رکھے۔