دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کی گرفتاری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی آمریت کے خلاف عام آدمی پارٹی کے رہنما اور کارکنان آج دہلی کے جنتر منتر اور پنجاب میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ اسی سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے کارکن اور رہنما جنتر منتر پہنچ رہے ہیں۔
چنڈی گڑھ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہفتہ کے روز میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کے ایم ایل اے دنیش چڈھا نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انشن ہندوستان کی جمہوریت کو بچانے کے لیے رکھا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنان اور رہنما پنجاب بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کے نزدیک بھوک ہڑتال کریں گے۔ اس لڑائی کو مزید تقویت دینے کے لیے کھٹکڑ کلا میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ وہاں پارٹی کے تمام ایم ایل اے ایک روزہ انشن میں حصہ لیں گے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان بھی انشن کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ جمہوریت بچانے کی اس لڑائی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لے کر بی جے پی کی آمریت کو منہ توڑ جواب دیں۔
دنیش چڈھا نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کو جان بوجھ کر جیل میں ڈالا جا رہا ہے تاکہ وہ انتخابات میں بی جے پی کے خلاف مہم نہ چلا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے تمام لیڈروں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی بی جے پی کو سب زیادہ ٹکر دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کو صرف اس لیے جیل میں ڈالا گیا کیونکہ انہوں نے بی جے پی کے خلاف سخت ترین انداز میں آواز اٹھائی تھی۔ بی جے پی عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو جیل بھیج کر ہمارا حوصلہ توڑنا چاہتی ہے۔ ہمارے راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ سنجے سنگھ، اراکین اسمبلی منیش سسودیا اور ستیندر جین کو جیل میں ڈال دیا گیا اور ان کے حوصلے توڑنے کی مسلسل کوششیں کی گئیں۔ ایک ایک کرکے عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو جیل میں ڈال کر ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔