جموں:بھارتی فوج نے بدھ کے روز ایک پُروقار تقریب میں ’فینٹم‘ نامی چار سالہ فوجی کتے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ادھم پور میں اے ڈی بریگیڈ کے تحت منعقد کی گئی تقریب میں سینئر فوجی افسران اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ فینٹم، ایک بیلجئین ملینوا نسل کا حملہ آور کتا، پیر کے روز جموں کے اکھنور سیکٹر میں عسکریت پسندوں کے خلاف کیے گئے آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا۔ فوج کے مطابق یہ آپریشن اُس وقت شروع ہوا جب پیر کی صبح عسکریت پسندوں نے بٹال کے گھنے جنگلات میں فوجی قافلے پر اچانک حملہ کیا۔
آپریشن کے دوران فینٹم نے عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا اور بارودی مواد کی شناخت میں بھی مدد فراہم کی، جس سے اہلکاروں نے فوری طور پر علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ فوجی بیان کے مطابق ’’بدقسمتی سے عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک قریبی مقابلے کے دوران فینٹم گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوا اور جان کی بازی ہار گیا۔‘‘