گاندربل (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں تحصیل لار کے رینہامہ نامی علاقے اور اس کے ملحقہ دیہات میں ٹائیفائیڈ پھیلنے سے لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق متعدد افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، شدید بخار کے شکار ہوئے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ علاج و معالجے کے باوجود بخار میں مبتلا افراد کی حالت بہتر نہیں ہوئی، جس پر ان کے خون کے نمونے لیے گئے، ان نمونوں کی رپورٹ میں ٹائیفائیڈ کی تصدیق ہوئی ہے۔
علی محمد نامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ان کی پوتی پندرہ دنوں سے بخار میں مبتلا تھی اور مختلف علاج کے باوجود صحت یاب نہ ہو سکی۔ بعد ازاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ میں کیے گئے ٹیسٹ میں ٹائیفائیڈ کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں پینے کے غیر معیاری پانی کی سپلائی بیماری کی بنیادی وجہ ہو سکتی ہے۔