ادھم پور: فائرنگ میں دو پولیس اہلکار ہلاک (ETV Bharat) جموں: جموں و کشمیر کے ادھم پور میں فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی۔ اودھم پور کے ایس ایس پی امود ناگپورے نے بتایا کہ "یہ واقعہ صبح 6.30 بجے پیش آیا۔ مارے گئے اہلکار سوپور سے تلواڑہ کے ٹریننگ سینٹر جا رہے تھے۔ اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقعے پر پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس میں اے کے 47 رائفل کا استعمال کیا گیا۔ دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ تیسرا پولیس اہلکار محفوظ ہے۔"
ایس ایس پی نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی لوازمات کے لیے جی ایم سی ادھم پور لے جایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوپور سے دو پولیس اہلکار سرکاری گاڑی میں ایس ٹی سی تلوارہ جارہے تھے۔ اس دوران ان میں کسی بات پر آپس میں جھگڑا ہو گیا اور ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے وہ دونوں موقعے پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام واقعے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہیں۔ فی الحال ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت کے بارے میں جانکاری شیئر نہیں کی گئی ہے۔ پولیس اس واقعہ سے متعلق ہر پہلو کی سنجیدگی سے جانچ کر رہی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب ریہمبل پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ دونوں پولیس ریاسی میں سبسیڈری ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی) تلوارہ جا رہے تھے اور اسی دوران فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں:ترال: عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں فوجی جوان زخمی، علاقہ میں سرچ آپریشن شروع
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل کشمیر کے ترال علاقے میں عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرکے ایک فوجی جوان کو زخمی کردیا۔ یہ جوان چھٹی پر گھر پہنچا تھا۔ عسکریت پسندوں نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس پر فائرنگ کر دی جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔