بانڈی پورہ (جموں کشمیر):شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں عید کی خوشی اس وقت ماند پڑ گئی جب منگل اور بدھ کی درمیانی شب ضلع کے بازی پورہ، اجس گاؤں میں تین رہائشی مکان اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے سبب کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کے سبب رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’آگ، دوران شب ایک رہائشی مکان سے اچانک نمودار ہوئی جس نے اپنے نزدیکی دو دیگر مکانات کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔‘‘ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر بھیانک اور تیز تھی کہ اس نے آناً فاناً تینوں مکانات کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کو مطلع کیا اور فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔