بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں واقع مشہور سیاحتی مقام دودھ پتھری میں محکمہ جنگلات نے چائے اسٹال مالکان سے 10 دنوں کے اندر جگہوں کو خالی کرنے کا نوٹس بھیجا ہے۔ محکمہ جنگلات کے مطابق چائے اسٹال غیر قانونی طور اور بغیر کسی اجازت نامے کے لگائے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فارسٹ پروٹیکشن فورس کی ایک ٹیم نے دودھ پتھری کا دورہ کیا اور ان ٹی اسٹالز کے مالکان کو جگہ خالی نہ کرنے کی صورت میں کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے معروف سیاحتی مقام دودھ پتری میں سڑک کے کنارے اور چراگاہوں میں بھی، محکمہ کے مطابق، ’’غیر قانونی طور پر چائے کے کئی اسٹال لگے ہوئے ہیں۔‘‘ یہ اسٹالز کشمیری نمکین چائے کے علاوہ یہاں آنے والے سیاحوں کو قہوہ، مکئی کی روٹی، کولڈ ڈرنکس، بسکٹ حتی کہ آملیٹ وغیرہ فراہم کرکے اپنی روزی روٹی کا بندوبست کرتے ہیں۔ ان ٹی اسٹالز کے مالکان نے متعلقہ محکموں سے اجازت لیے بغیر ٹینٹ اور شیڈز بھی لگا رکھے ہیں جو کہ قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔