سری نگر: علیحدگی پسند رہنما اور حریت رکن سید سلیم گیلانی نے اتوار کو یہاں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔گیلانی نے یہاں پارٹی دفتر میں پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی موجودگی میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس دوران سید سلیم گیلانی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پی ڈی پی ایک ایسی جماعت ہے جو جمہوری حقوق، انسانی حقوق اور لوگوں کے سیاسی حقوق کی بات کرتی ہے۔ یہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے بارے میں بات کرتی ہے، لہذا میں نے محسوس کیا کہ پی ڈی پی میں شامل ہونا درست قدم ثابت ہوگا‘‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے، بندوق حل نہیں ہو سکتی، تشدد سے ضائع ہونے والی جانوں کو بچانے کا یہی واحد طریقہ ہے''۔ اس دوران گیلانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سابق علیحدگی پسند رہنما مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔’’ہم نے گیلانی سے درخواست کی کہ وہ پی ڈی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے عاجزی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی اور کو انتخاب لڑنے کا موقع ملنا چاہیے‘‘۔