جموں (جموں کشمیر) :بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک پاکستانی ڈرون پر فائرنگ کی جس کے بعد علاقے میں تلاشی کاروائی شروع کی گئی۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے روز بتایا کہ بی ایس ایف کے دستوں نے دیر رات پاکستان سے اس طرح آ رہے ایک ڈرون کی نقل و حرکت دیکھی اور دو درجن گولیوں کے رائونڈ فائر کیے جس کے بعد ڈرون واپس پاکستانی سرحد پار چلا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح رام گڑھ سیکٹر کے نارائن پور میں تلاشی مہم شروع کی گئی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ڈرون نے کوئی ہتھیار یا منشیات تو نہیں گرائے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے لگاتار ڈرون کے ذریعے سرحد پار سے منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کوششیں کی جاتی ہیں اور اس کے لیے سانبہ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ جیسے سرحدی علاقوں کو پاکستانی ہینڈلرز کی جانب سے ترجیح دی جاتی ہے۔