پلوامہ:منگل کو بعد دوپہر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں واگڈ، ترال علاقے میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کے بعد شروع کیا گیا سرچ آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے اور فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے اور وگڈ علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھا دیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔
واگڈ، ترال علاقے میں چھپے بیٹھے عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے جن کے بارے میں گمان ہے کہ وہ نزدیکی پہاڑی میں چھپ گئے ہیں تاہم علاقے میں زندگی رواں دواں ہے اور لوگ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ قبل ازیں، منگل کو حفاظتی اہلکاروں کو علاقے میں چھپے عسکریت پسندوں کی اطلاع ملی جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا۔ عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین دوطرفہ گولی بھی چلی تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ابتدائی فائرنگ کے بعد سے اب تک مکمل خاموشی ہے تاہم عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی آپریشن جاری ہے۔