پونچھ (جموں کشمیر):سرحدی ضلع پونچھ میں پولنگ اسٹیشن شاہ پور کے باہر ہفتہ کو دو گروپس میں تصادم کے بعد چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے اس ضمن میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولنگ بوتھ کے باہر کچھ افراد میں تلخ کلامی ہوئی، جو ہاتھاپائی تک جا پہنچی جس میں کچھ افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔‘‘ پولیس کا کہنا ہے کہ ’’اس واقعے کا انتخابات یا پولنگ مرکز کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ واقعہ پولنگ بوتھ کے اندر یا احاطے میں پیش آیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے تحت اننت ناگ - راجوری پارلیمانی سیٹ پر انتخابات ہوئے اور خطہ پیچ پنچال کے پولنگ مراکز پر جنوبی کشمیر کی نسبت ووٹنگ کی شرح زیادہ رہی۔ اس دوران پونچھ میں شاہ پور نام کے علاقے میں قائم پولنگ مرکز کے باہر دو گروپس میں کسی بھی بات پر تیز کلامی شروع ہوئی اور ایک دوسرے کو مارنے پیٹنے لگے۔ یہ واقعہ ہفتہ قریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔