سری نگر:مسلسل پانچویں سال سری نگر کی تاریخی جامع مسجد خاموش رہی اور اجتماعی دعاؤں کی صدا سے محروم رہی۔ مسجد کی انتظامیہ انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے کہا کہ انتظامی ہدایات نے مقررہ وقت پر نماز ادا کرنے کی ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
انتظامی کمیٹی کے ایک رکن نے کہا کہ آج انتظامیہ نے ہمیں صبح 9 بجے کے مقررہ وقت پر نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ "ہماری درخواستوں کے باوجود انہوں نے نماز کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے تاریخی مسجد کے ساتھ ساتھ عید گاہ میں نماز منسوخ کر دی گئی۔"
انجمن کے پہلے اعلانات میں صبح 9 بجے عید کی نماز کا وقت مقرر کیا گیا تھا جس میں میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی صبح 8 بجے خطاب تھا تاہم انتظامی رکاوٹیں برقرار رہیں جس کی وجہ سے اس اہم موقعے پر مسجد خاموش رہی۔
جہاں جامع مسجد نماز باجماعت سے خالی رہی وہیں جموں و کشمیر کی دیگر مقامی عیدگاہوں اور جامع مساجد میں بغیر کسی رکاوٹ کے عید الاضحی کی نماز ادا کی گئی۔ خطبات، تبلیغ اور تکبیر کی صداؤں کے بیچ فرزندان توحید نے وادی کشمیر کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔