کشمیر میں سیاحت کو فروغ کی ضرورت (ETV Bharat) سونمرگ (گاندرنل): کشمیر کے معروف ہوٹلیئر مشتاق چایا نے سونمرگ میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں ایک ہوٹل کے خاکستر ہو جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا عملہ وقت پر پہنچتا تو آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکتا تھا۔
مشتاق چایا نے کہا کہ وادی کشمیر میں سیاحوں کی خاصی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں ماحول پُر سکون اور پُر امن ہے۔ ان باتوں کا اظہار مشتاق چایا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خاص بات چیت کے دوران کیا۔
کشمیر کے مشہور و معروف ہوٹلیئر نے سونمرگ میں ایک ہوٹل نذر آتش ہونے پر سخت افسوس اظہار کیا اور کہا کہ وہاں پر فائرسروسز عملہ بروقت نہیں پہنچنا جس کی وجہ سے کروڑوں کے مالی نقصان ہو گیا اگر وقت رہتے عملہ پہنچ جاتا تو اس تلافی کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا تھا۔ دوسری جانب وہاں کے گرد نواح میں پانی کی عدم موجودگی سے فائر سروسز کے بچاؤ کارروائی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جاسکا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہاں اس طرح پانی کی عدم موجودگی کا سامنا ہو وہاں پانی کے لیے ریزروائر تعمیر کرنے کی بے حد ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے آگ کی واردات پر وقت رہتے قابو پایا جاسکے۔
کشمیر میں سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مشتاق چایا نے کہا کہ یہ سیاحتی شعبہ سے منسلک افراد کے لیے باعث مسرت اور خوشی کی بات ہے کہ گزشتہ برس کی طرح ہی اس سال بھی ملکی سیاحوں کی کافی تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سیاحت شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ایسے میں اب چند برسوں سے سیاحوں کے کشمیر کی طرف رخ کرنے سے یہ شعبہ پھر سے پٹری پر لوٹ آیا ہے اور نہ صرف ہوٹلیئر، ہاوس بوٹ مالکان اور ٹرانسپورٹر بلکہ اس سے وابستہ دیگر لوگ بھی اس وقت بہتر طور پر اپنا کام کررہے ہیں جو کہ کافی خوش آئند ہے۔
مشتاق چایا نے کہا حالانکہ ملکی سیاح کشمیر کی سیاحت میں چار چاند لگانے میں اہم رول ادا کررہے ہیں مگر بین الاقوامی سیاحت کو بھی فروع دینے کی اب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کے لیے حکومتی سطح کے علاوہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر بھی کام کرنے کی بے حد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ایک زمانے میں بین القوامی سیاحوں کی ریکارڈ تعداد دیکھنے کو ملتی تھی تاہم کئی بیرون ممالک میں ایڈوائزری نہ ہٹانے کی وجہ سے غیر ملکی سیاح کم تعداد میں کشمیر کا رخ کررہے ہیں۔
انہوں نے امید کا اظہار کی کہ آنے والے وقت میں ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح بھی یہاں کا رخ کر کے کشمیر کے پرانے دور کی یاد تازہ کریں گے۔