اننت ناگ:دیوالی کو روشنی کے تہوار سے بھی جانا جاتا ہے، اور پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے اپنے گھروں کو دیوں، موم بتیوں سے سجاتے ہیں۔ اس خوشی کے موقع پر جموں و کشمیر میں مسلم دکاندار ہندو برادری کے لیے خاص رعایتی داموں پر دئے، پٹاخے اور مٹھائیاں فروخت کر رہے ہیں، جو یہاں کے ہندو مسلم بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی ایک اور مثال ہے۔
مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ اس دیوالی اپنے گاہکوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے خاص رعایت پیش کر رہے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ دیتا ہے بلکہ لوگوں کے دلوں میں بھائی چارے کے احساس کو بھی بڑھاتا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی تاجروں نے کہا: ’’اس طرح کی رعایت کا مقصد اقلیتی فرقہ کے لوگوں کو خوشی کا پیغام دینا ہے۔ جب لوگ رعایتی داموں پر سامان خریدتے ہیں تو وہ نہ صرف اپنی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم بھی ان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔‘‘