ترال(پلوامہ):پوشہ ون اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان آزاد یوسف کمار کی روس یوکرین جنگ میں پھنسنے کی خبروں کے بعد ضلع انتظامیہ پلوامہ نے بھی اس حوالے سے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اس پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس بیچ پولیس اسٹیشن اونتی پورہ کی ایک ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور مذکورہ نوجوان کے ایل خانہ کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے جاننے کی کوشش کی گئی کس طرح ان کا بیٹا روس پہنچ گیا۔
اس دوران معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر ڈاڈسرہ اوتار سنگھ ترالی نے بھی پوشہ ون ترال کا دورہ کیا اور وہاں روس یوکرین جنگ میں پھنسے ہوئے آزاد یوسف کمار کے گھر گئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔
انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور انہیں یقین دلایا کہ آزاد یوسف کو گھر لانے کے حوالے سے تمام تر کوشش کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سے اس حوالے سے پر زور اپیل کی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس میں پھنسے بھارتیوں کو واپس لانے کی تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔