گاندربل: ضلع گاندربل کے پتی رام پورہ علاقے میں غیر قانونی طور پر چنار کا درخت کاٹنے کے دوران ایک شاخ کنڈیکٹر پر جاگری جس کے نتیجے میں اس کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے مجسٹرئیل انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گاندربل کے پتی رامپورہ علاقے میں منگل کے روز غیر قانونی طور پر چنار کی کٹائی ہو رہی تھی کہ اسی دوران اس روٹ پر ایک گاڑی جو صفاپورہ سے آرہی تھی گاندربل کی طرف نکل پڑی۔
ذرائع نے بتایا کہ جیسے ہی گاڑی کا کنڈیکٹر نیچے آیا تو اس دوران چنار کے درخت سے وزنی ٹہنی اس پر جاگری جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمی کنڈ یکٹر کو علاج کیلئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت عمان اکبر گنائی ولد علی محمد گنائی ساکن صفاپورہ کے بطور کی گئی ہے۔ نوجوان کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی لوگوں نے احتجاج کیا اور اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کار روائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چنار کا درخت کاٹنا قانونی طور جرم ہے لیکن اس کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ کی بے حسی کی وجہ سے غیر قانونی طور پر چنار کے درخت کو کاٹا جا رہا تھا۔