کوکرناگ(اننت ناگ):وادی کشمیر کو قدرت نے بے تحاشا قدرتی چشموں سے نوازا ہے جو نہ صرف پینے اور دیگر ضروریات کے استعمال میں اہمیت کے حامل ہیں،بلکہ ان چشموں کے پانی میں نایاب اقسام کی مچھلیوں کی افزائش ہوتی ہے ،ان مچھلیوں میں خاص کر ریمبو ٹراؤٹ مچھلی شامل ہے۔
ضلع اننت ناگ کا خوبصورت علاقہ کوکرناگ کو قدرت نے بے تحاشا قدرتی چشموں کی نعمت سے نوازا ہے، یہی وجہ ہے کہ کوکرناگ میں قدرتی چشموں کے پانی کی اتنی کھپت ہے کہ یہاں پر ایشیا کا سب سے بڑا ریمبو ٹراؤٹ مچھلی اور ہیچری فارم موجود ہے ،یہاں نہ صرف مچھلیوں کی افزائش ہوتی ہے بلکہ نایاب اور خاص قسم کی ریمبو ٹراؤٹ مچھلیوں کے انڈے بھی تیار کئے جاتے ہیں۔
ماہ نومبر سے مارچ کے آخر تک ریمبو ٹراؤٹ مچھلی کی بریڈنگ کا وقت ہوتا ہے ،جس دوران انڈے دینے والے مچھلیوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ٹراؤٹ مچھلیاں تین سے پانچ ماہ تک انڈے سی(انکیوبیٹ) لیتی ہیں۔ اس کے تقریباً 20 دنوں کے بعد، فرٹیلائزڈ انڈے سیاہ دھبے دکھاتے ہیں جو مچھلی کے آئی سپاٹ یعنی آنکھ ہوتی ہے، اس لیے ان انڈوں کو آئیڈ ایگ کہتے ہیں۔
اس کے اگلے مرحلہ میں وہ آنکھ مچھلی کا بچہ بن کر انڈوں سے باہر آجاتا ہے اور بعد میں تقریبا 10 گرام وزن ہونے کے بعد ان مچھلیوں کے بچوں کو ریس وے میں پالنے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے جو کچھ ماہ کے اندر 200 سے 2.50 گرام وزن کی مچھلی تیار ہو جاتی ہے۔انڈوں کی افزائش درجہ حرارت پر بھی منحصر ہے اور پانی کا درجہ حرارت دس سے پندرہ ڈگری ہونا چاہئے۔