پلوامہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں تیندوے کی موجودگی نے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ تیندے نے دوران شب ضلع کے لئرو، کاکاپورہ علاقے میں ایک گؤ خانہ میں داخل ہوکر کئی بھیڑوں کی چیر پھاڑ کر ڈالی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے تیندوا گھوم رہا ہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
اعجاز نام کے ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں سے تیندوا علاقے میں گھوم رہا ہے، جب کہ دوران شب اس نے ایک چرواہے کے گئو خانے میں گھس کر قریب 10 بھیڑوں کی چیر پھاڑ کر ڈالی۔ اعجاز احمد نے بتایا کہ غریب چرواہے کا تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان ہو گیا ہے جس کے لیے انہوں نے حکومت سے متاثرہ کی امداد کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ خاص طور پر بچے دن کے اوقات میں بھی گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔