سرینگر (جموں کشمیر) :سرینگر پارلیمانی حلقے کے لیے جہاں وادی کشمیر کے پانچ اضلاع میں ووٹنگ جاری ہیں وہیں سرینگر نشست پر رجسٹرڈ کشمیری مہاجر پنڈتوں نے بھی جموں، ادھمپور اور دہلی کے مائگرنٹ پولنگ مراکز پر اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا۔ جموں، ادھمپور اور دہلی میں مہاجر پنڈتوں کے لیے کل 26پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں جموں ضلع میں 21، ادھمپور میں ایک اور دارالحکومت دہلی میں چار مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ 90کی دہائی کے اوائل میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہجرت کرکے کشمیری ہندو (پنڈت) جموں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آباد ہوئے تھے تاہم اکثر پنڈتوں کو جموں میں بسایا گیا تھا۔
سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے اہل پنڈت ووٹرز کے لیے یہ پولنگ اسٹیشن الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی جانب سے دی گئی خصوصی ہدایات کے بعد قائم کیے گئے ہیں، جس کے تحت 1500 سے زائد ووٹروں کے لیے علیحدہ پولنگ اسٹیشن قائم کرنا لازمی ہے۔ جموں کے جگتی کیمپ، جہاں درجنوں پنڈت کنبے آباد ہیں، میں قائم پولنگ مراکز پر صبح سے کشمیری پنڈت قطاروں میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے۔ ان ووٹرز میں درجنوں ایسے نوجوان ووٹرز بھی شامل تھے جو پہلی مرتبہ ووٹ ڈال رہے تھے اور ایسے ووٹرز میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔