سرینگر:سیاحتی مقام گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے انعقاد پر ابہام برقرار ہے، کیونکہ ابھی تک یہاں برف باری نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میں رواں ماہ جنوری کے آخری ہفتے میں وادی کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم محکمے موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام پر صرف 15 انچ تک برف ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے جو کہ سرمائی کھیلوں کے لیے ناکافی مانی جاتی ہے۔
اس صورتحال کے بیچ کیا اس مرتبہ سرمائی کھیلوں کا انعقاد وقت پر ہونا ممکن ہے اور اس تعلق سے اب نئی تاریخوں کا اعلان چند دنوں میں کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے جموں وکشمیر وینٹر گیمز ایسوسی ایشن کے صدر رؤف ترمبو سے فون پر بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس موسم سرما کے دوران برفباری میں کافی تاخیر ہوئی، جس کے نتیجے میں گلمرگ میں سرمائی کھیل مقابلے وقت پر نہیں ہو سکتے ہیں اور اس بارے میں بھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ سرمائی کھیلوں کا چوتھا ایڈیشن منعقد ہوگا بھی یا نہیں،کیونکہ سرمائی کھیل مقابلے کا انحصار مکمل طور پر ہونے والی برفباری پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 فروری سے شروع ہونے والی سرمائی کھیل طے پائے تھے، لیکن اب یہ ممکن نہیں ہے۔ایسے میں چند دنوں میں نئی تاریخوں کا اعلان کیا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں رؤف ترمبو نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے 5 سے 15 انچ برف باری ہونے کے امکان ظاہر کیا ہے اور اگر اتنی ہی مقدار میں برفباری ہوئی تو اس برف پر سرمائی کھیلوں کا ہونا ناممکن ہے،کیونکہ کھیلوں کے لیے میدانوں میں 3 فٹ جبکہ اوپری ڈھلوانوں پر 6 سے 7 فٹ ہونا لازمی ہے۔
بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ 5 روز تک سرمائی کھیل مقابلوں کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہے البتہ سب کی نظر اب ہونی والی برف باری ہے۔ اسی کے مطابق ہی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا اور یہ قوی امکانات ہے کہ فروری کے تیسرے ہفتے میں وینٹر گیمز کا انعقاد ہوگا اور اس حوالے سے دیگر متعلقین کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو مطلع کیا جائے گا۔