سرینگر (جموں کشمیر) :سرکار نے جموں وکشمیر میں غریب قیدیوں کی معاونت کی اسکیم کے نفاذ کی خاطر نگران کمیٹی کو تشکیل دیا ہے اور داخلہ سیکریٹری کو اس کا چارج سونپ دیا ہے۔ غریب اور مفلس قیدیوں کی معاونت کی اسکیم کے لئے نگران کمیٹی کے علاوہ ضلع سطح پر بھی بااختیار کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ایسے میں نگران کمیٹی ضلع سطح کی کمیٹی سے ماہانہ رپورٹ طلب کرے گی۔
مذکورہ 5 رکنی کمیٹی میں محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری چیئرمین ہوں گے۔ اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سیکریٹری رکن ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ، محکمہ قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے سیکریٹری اور جموں وکشمیر اینڈ لداخ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل ممبران کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹیاں جموں وکشمیر میں غریب اور مفلس قیدیوں کے کیسز کی جانچ کرے گی، جو ان پر عائد جرمانہ کی رقم ادا کرنے کی طاقت نہیں رکھتے ہیں۔ ایسے میں یہ کمیٹیاں ضمانت حاصل کرنے اور رہنما خطوط اور معیاری طریقہ کار کے تحت ان معاملات کا ازالہ کریں گی۔