جموں : جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 اسمبلی حلقوں کےلئے کل 279 کاغذات نامزدگی داخل کئے گئے جبکہ ان میں سے 244 نامزدگی فارم قبول کیے گئے اور 35 مسترد کردیا گیا۔ مختلف حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے مطابق مسترد کیے گئے کاغذات میں 15 آزاد امیدوار ہیں اور 20 کا تعلق مختلف پارٹیوں سے ہے۔ 18 ستمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع کے 24 حلقوں کے ساتھ ساتھ وادی چناب کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع کے آٹھ حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ ان علاقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
پہلے مرحلہ کے تحت انتخابات میں حصہ لینے والے ہم امیدواروں میں محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی، پی ڈی پی کے رہنما عبدالرحمان ویری، نیشنل کانفرنس کی ممتاز خاتون امیدوار سکینہ ایٹو، پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے سابق صدر وقار رسول وانی، اندروال سے تین بار ایم ایل اے رہے غلام محمد سروڑی اور ڈوڈا سے عبدالمجید وانی شامل ہیں۔