اننت ناگ:وادی کشمیر میں شدید برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے، زیادہ تر دور دراز علاقوں میں سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم جموں و کشمیر پولیس باشندوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے اور ان کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنا رہی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے برگام دورو علاقے سے ایک خاتون مریضہ کو پولیس کی گاڑی میں ہنگامی حالت میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا۔
ایک مریضہ جس کی حال ہی میں سرجری ہوئی تھی شدید درد میں تھی اور اسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔مشکلات کے بارے میں اطلاع ملنے پر، مقامی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی، نقل و حمل کا انتظام کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ مریض کو بغیر کسی تاخیر کے بحفاظت اسپتال پہنچایا جائے۔
پولیس کی بروقت مداخلت کو مریض کے اہل خانہ اور مقامی کمیونٹی نے سراہا، خاص طور پر ہنگامی حالات کے دوران عوام کی خدمت کے لیے پولیس فورس کے عزم کو اجاگر کیا۔
لیکن شدید برف باری کے دوران دور دراز پہاڑی علاقوں میں کسی بھی قسم کی مدد حاصل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح کی ایک مثال کوکرناگ کے دور افتادہ علاقے گڈولے میں دیکھنے کو ملی۔ جہاں شدید برف باری کے بعد سڑکیں صاف نہیں ہو سکیں ۔ ان حالات کے پیش نظر گڈول علاقے کی ایک خاتون کو گھر میں ہی بچے کو جنم دینا پڑا۔ تاہم پیدائش کے فوراً بعد ہی بچے کی موت ہو گئی۔ خاتون کی شناخت مسرت جان کے طور پر کی گئی ہے جو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ علاقے کے ماگاری پورہ نواز احمد ماگرے کی اہلیہ ہیں۔
پولیس نے شدید برف باری کے دوران پھنسی گاڑیوں کی مدد کی