سرینگر(جموں و کشمیر): ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اور لداخ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے دائر کردہ ایک ہیبیس کارپس درخواست کے جواب میں آج انتظامیہ کو ہدایات جاری کر سکتا ہے۔ میر واعظ کے وکیل کے ذریعے دائر کردہ درخواست میں میر واعظ کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد کے ترجمان نے یکم مارچ 2024 کو تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جامع مسجد کو مسلمانوں کے لیے ایک اہم روحانی اہمیت کی جگہ قرار دیتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق کے مذہبی اور شہری حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان نے آج عدالتی سماعت کے پیش نظر انصاف کو برقرار رکھنے اور میر واعظ عمر فاروق کے مذہبی اور شہری حقوق کی بحالی کے لیے عدالتی نظام پر بھروسہ کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا۔
میر واعظ کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر دو انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد سے "غیر قانونی اور غیر مجاز نظر بند" ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ عدالت نے جموں و کشمیر انتظامیہ کو 19 فروری 2024 کو درخواست کا جواب دینے کا "آخری اور حتمی موقع" دیا تھا۔