پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مورن گاؤں سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر اویس یعقوب نے نائٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (این ایف سی) میں، ہلکے وزن کے زمرے میں قازقستان کے امانزول خیسہ کو شکست دے کر اپنی دوسری بین الاقوامی فتح حاصل کی ہے۔ قازقستان میں منعقد ہونے والی یہ فائٹ اویس کے حق میں ایک متفقہ فیصلے کے ساتھ ختم ہوئی، جب اس نے رنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل مارچ 2024 میں اویس نے متفقہ فیصلے سے نوئیڈا میں میٹرکس فائٹ نائٹ میں افغانستان کے محمد اعظم مخلص کو شکست دی تھی۔ اپنے پیشہ ورانہ کریئر سے پہلے اویس نے جولائی 2022 میں فلپائن میں ورلڈ ایسکریما کالی آرنس فیڈریشن چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کی۔
اس نے قومی سطح کے مقابلوں میں 11 طلائی تمغے اور 7 چاندی کے تمغوں کے ساتھ ساتھ یونین ٹیریٹری کی سطح پر 17 طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔ اویس کا خواب الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (یو ایف سی) میں حصہ لینا ہے، جو ایم ایم اے مقابلے کی اعلیٰ ترین سطح کی فائیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایف سی میرا مقصد ہے، اور میں اس میں جگہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔
نائٹ فائٹنگ چیمپئن شپ جہاں اویس نے اپنی تازہ ترین جیت حاصل کی قازقستان میں مقیم ایم ایم اے کی ایک باوقار تنظیم ہے، اپنے مسابقتی پلیٹ فارم کے لیے جانا جاتا ہے، این ایف سی نے 71 ایونٹس اور 700 سے زیادہ میچز کی میزبانی کی ہے۔