اننت ناگ (جموں کشمیر) :ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کے لئے نامزد امیدوار ایڈووکیٹ محمد سلیم پرے نے اعتراف کیا کہ اس نشست پر انتخابات انتہائی سخت ہوں گے تاہم وہ پر امید ہے اور عوام الناس سے جوق در جوق پولنگ مراکز آنے اور اپنی حق رائے دیہی استعمال کرنے کی اپیل کی۔ ڈی پی اے پی چیئرمین غلام نبی آزاد نے گرچہ از خود اس نشست پر انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے ایڈووکیٹ محمد سلیم پر اعتماد ظاہر کرکے خود کنارہ کشی اختیار کر لی۔
اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کے لیے ایڈووکیٹ محمد سلیم پرے نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پارٹی رہنماؤں نے کسی بھی سیاسی پارٹی یا لیڈر کے خلاف تبصرہ کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں کچھ سیاسی رہنماؤں کے بارے میں اپنے حالیہ ریمارکس پر بھی افسوس ہے۔‘‘ انہوں نے کہا: ’’بعض سیاستدان اپنے مفادات کے لئے ایک دوسرے کی تنقید کرتے رہتے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ تنقید کے بجائے اپنے کارنامے عوام کے سامنے رکھیں، جبکہ پارٹی قیادت نے ہمیں پہلے ہی سخت ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی سیاسی پارٹی یا رہنما کی کی تنقید نہ کی جائے۔‘‘