کشتواڑ (جموں کشمیر) :جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں منگل کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے۔ گزشتہ شب بھی وادی کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے سبب لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا گیا۔
سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق پیر کی شب آئے زلزلے کی شدت ریختر پیمانہ پر 5.2 ناپی گئی، اس کا مرکز طول البلد 35.45 شمال میں اور طول البلد 74.93 مشرق میں واقع تھا۔ سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں چند سیکنڈ کے لیے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جبکہ کشتواڑ ضلع میں منگل کی صبح 6 بجکر 36 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ تاہم ان زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔