کولگام:منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد برآمد کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ایک پارٹی نے بری گام گاؤں میں ایک گشت کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا، جس نے ایک پالی تھین بیگ اٹھا رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ گرچہ پولیس کو دیکھ کر اس شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
بیان کے مطابق تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 85 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا، جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت محمد امین ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن بری گام کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔