بانڈی پورہ (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس (این سی) کے سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی اسپیکر، ایم ایل اے (گریز) نذیر احمد خان المعروف نذیر گریزی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پارلیمانی انتخابات میں مرکزی حکومت نے نیشنل کانفرنس کے خلاف کچھ ٹیموں کا استعمال کیا، وہ دوبارہ اسمبلی انتخابات میں بھی ان ٹیموں کا استعمال کرنے کی کوشش کرتی رہیں گی۔‘‘
نذیر گریزی نے عبد الرشید شیخ المعروف انجینئر رشید اور ان کی سیاسی جماعت عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کی کھلے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: ’’اے آئی پی کس نے بنائی؟ اے آئی پی کو دہلی نے عمر عبداللہ کو پارلیمنٹ سے دور رکھنے کے لیے تشکیل دیا اور اسے مضبوط کیا۔ تاکہ عمر عبد اللہ کی صورت میں کشمیر کی مضبوط آواز پارلیمنٹ تک نہ پہنچ سکے۔‘‘
میڈیا سے بات کرتے ہوئے نذیر گریزی نے کہا کہ ’’کشمیری لوگ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد شدید مشکلات کے شکار ہیں۔ ریاست کی بحالی، بجلی کے 200 یونٹ مفت فراہم کرنے جیسے مسائل یا ایشوز پر نیشنل کانفرنس کی ترجیح رہے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایس اے، کشمیر میں صرف جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور جنگل اسمگلروں پر قابو پانے کے لیے لایا گیا تھا لیکن کشمیر میں مختلف حکومتوں نے اس کا غلط استعمال کیا۔ اب لوگوں پر PSA کے تحت دیگر متعلقہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔