سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے وادی کشمیر میں تقریباً 300 نیم فوجی کمپنیاں بھی تعینات کر دیں ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام آنے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر لیا گیا ہے۔ تاکہ سیاسی اتار چڑھاؤ کے شکار خطے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
یہ تعیناتی وادی کے اندر کئی اسٹریٹجک مقامات کا احاطہ کرتی ہے اور یہ ایک محفوظ انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ، "سرینگر کی بھیڑ بھاڑ والی گلیوں سے لےکر کپواڑہ کے دور دراز کونوں تک، بشمول کلیدی علاقوں جیسے ہندواڑہ، گاندربل، بڈگام، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اننت ناگ، شوپیاں، پلوامہ، اونتی پورہ اور کولگام میں سیکورٹی اہلکاروں کو انتخابات کے دوران کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ تعینات کیے گئے دستوں میں سینٹرل ریزرو پولیس، بارڈر سیکورٹی فورس، سشستر سیما بل اور انڈو تبتی بارڈر پولیس فورس کے دستے شامل ہیں۔ ان یونٹوں کا کام ہے کہ ہجوم کو کنٹرول کرنا، عسکریت پسندی مخالف کارروائیوں کو روکنا اور امن و امان کو برقرار رکھنا وغیرہ۔