اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

راہل گاندھی کے کشمیر دورہ کے بیچ کیوں یہ تصویر ’راجیو فاروق ایکارڈ‘ کی یاد دلاتی ہے - Gandhis and abdullahs Relation - GANDHIS AND ABDULLAHS RELATION

راہل گاندھی کے کشمیر دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس سے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اسمبلی الائنس پر مہر ثبت ہوئی۔ عبداللہ اور گاندھی خاندان کا دہائیوں قدیم رشتہ رہا ہے۔

ا
سال 1986میں لی گئی تصویر (Photo Courtesy: Safia Abdullah X account)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 22, 2024, 8:15 PM IST

سرینگر (جموں کشمیر) :جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے مابین لوک سبھا انتخابات کی طرز پر اتحاد (الائنس) کو حتمی شکل دینے کے لئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی پارٹی صدر ملکارجن کھرگے سمیت گزشتہ شام سرینگر پہنچے۔ جمعرات کی دوپہر این سی اور کانگریس کے الائنس کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی بڑی صاحبزادی صفیہ عبداللہ خان نے سماجی رابطہ گاہ پر دسمبر 1986کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے عبداللہ اور گاندھی خاندان کے قدیم رشتے کی یاد تازہ کی۔

ٹنگمرگ کے برف پوش مناظر میں لی گئی یہ تصویر، جسے صفیہ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر شیئر کیا، سردی کے ایام میں گاندھی اور عبداللہ خاندان کی یکجہتی کو اجاگر کرتا ہے۔ اس تصویر میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور ان کی اہلیہ مولی اپنے بچوں صفیہ، حنا، عمر عبداللہ اور سارہ کے ساتھ کھڑے ہیں، جو سبھی سردی سے بچنے کے لئے گرم لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں۔ تصیور میں ان کے ساتھ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی، ان کی اہلیہ سونیا گاندھی اور ان کے دونوں بچے پرینکا گاندھی واڈرا اور راہل گاندھی بھی نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں دونوں کنبوں کے درجن کے قریب افراد کیمرے کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں جو گاندھی اور عبداللہ پریوار کے مابین دہائیوں قدیم رشتے کو ظاہر کرتے ہیں۔

سال 1986کے اواخر میں لی گئی اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے صفیہ نے لکھا: ’’ایک ایسے وقت میں جب راہل گاندھی کشمیر کے دورے پر ہیں، میں ماضی کی اُس آمد کو (ان لمحات کو) یاد کرنے سے خود کو نہ روک سکی۔‘‘

انہوں نے تصویر کے حوالہ سے مزاحیہ انداز میں ایک قصہ بھی شیئر کیا: ’’یہ ٹنگمرگ (کی تصویر) کا قصہ ہے کیونکہ ہم گلمرگ تک نہ پہنچ سکے۔ ہم نے ایک پیغام بھیجا تھا کہ روٹی اور چاے تیار رکھی جائے۔ تاہم کسی غلطی کی وجہ سے ہمارا پیغام ’لوکل بریڈ‘ (local Bread) کے بجائے لوکل برڈ (Local Bird) آگے پہنچایا گیا اور جس کی وجہ سے اہلکاروں کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ’لوکل برڈ‘ (Local Bird) کیا ہے؟‘‘ تصویر کے ساتھ جڑا ہوا یہ واقعہ نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ ان چھوٹے چھوٹے لمحات کو بھی اجاگر کرتا ہے جو اکثر بڑے سیاسی واقعات کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔

صفیہ کے برادر عمر عبداللہ، جو جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، نے بھی اس تصویر کو دوبارہ پوسٹ کیا، جو عبداللہ اور گاندھی خاندان کے درمیان مضبوط خاندانی رشتوں اور مشترکہ تاریخ کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ تاریخی اور یادگار لمحہ آج کے دن کے پس منظر میں بھی مزید اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سرینگر میں این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پری پول الائنس اور آنے والے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تصدیق کی کہ این سی اور کانگریس مشترکہ طور پر جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے، اور اس بات پر زور دیا کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہو گئے تو جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کریں گے۔

دلچسپ امر ہے کہ یہ تصویر ’’راجیو گاندھی- فاروق عبداللہ معاہدہ‘‘ (Rajiv Gandhi-Farooq Abdullah Accord) کے صرف 20 دن بعد کی ہے، اس ایکارڈ پر 24 نومبر 1986 کو دستخط کیے گئے تھے۔ یہ معاہدہ این سی اور مرکزی حکومت کے درمیان مفاہمت کا نشان تھا، جس نے 1987 کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے بنیاد رکھی، جو بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات کے باعث متنازعہ رہے۔

آج جبکہ جموں و کشمیر کے لوگ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے کے بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں۔ صفیہ کی تصویر میں قید یہ ماضی کے یہ ناقابل فراموش لمحات اس بات کی عکاس ہیں کہ اس خطے میں سیاسی اتحادوں کا تعلق کس قدر گہرا ہے اور یہ کس طرح جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کو متاثر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جموں کشمیر اسمبلی انتخابات، این سی کانگریس کے مابین 90سیٹوں پر الائنس - Cong NC Alliance

ABOUT THE AUTHOR

...view details