نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج جموں و کشمیر میں سکیورٹی صورت حال اور امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ قبل ازیں، امت شاہ نے جمعہ کو دہلی میں وزارت داخلہ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس معاملے پر آج بتاریخ 16 جون کو ایک اور تفصیلی اجلاس بلانے کی ہدایت دی تھی۔
امت شاہ نے یہ میٹنگ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں کے تناظر میں بلائی ہے۔ جموں خطے میں پے در پے عسکری حملوں کے بعد خطے میں سلامتی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے 16 جون کو نارتھ بلاک میں ایک فالو اپ میٹنگ بلانے کی بھی ہدایت دی تھی تاکہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی صورتحال اور آئندہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔
وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق آج ہونے والی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، قومی سلامتی کے مشیر، مرکزی داخلہ سکریٹری اور فوج، پولیس، جموں و کشمیر انتظامیہ اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اس سے پہلے کی میٹنگ میں متعلقہ حکام نے وزیر داخلہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور جموں و کشمیر میں اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی۔ اعلیٰ سطح کی اس میٹنگ کا مقصد جموں و کشمیر کے باشندوں کے ساتھ ساتھ امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور خطے میں امن و امان کو قابو میں رکھنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 9 جون سے اب تک جموں خطے کے ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ میں چار مقامات پر دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں، جن میں نو یاتری ہلاک ہوئے، ایک سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا سپاہی بھی ہلاک ہوگیا جب کہ ایک شہری زخمی اور کم از کم سات سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔