پلوامہ (جموں کشمیر) :جموں وکشمیر اپنی پارٹی (جے کے اپنی پارٹی) کو جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بڑا دھچکہ لگا ہے۔ ترال، آری پل تحصیل کے ڈی ڈی سی ممبر منظور گنائی نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا ہے جس کے بعد اب قیاس کیا جا رہا ہے کہ گنائی حسب سابق کسی دوسری سیاسی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ منظور گنائی نے بی جے پی میں شامل ہوکر سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا تاہم جلد ہی اسے خیر باد کہہ کر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی اور پی ڈی پی کی ٹکٹ پر ہی ڈی ڈی سی الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم وہاں سے بھی وہ مستعفی ہوئے اور اپنی پارٹی کا ہاتھ تھاما۔
منظور گنائی نے فون پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے شبیر بٹ کو بتایا کہ انہوں نے کچھ وجوہات کی بنا پر جموں کشمیر اپنی پارٹی، جس کی قیادت سید الطاف بخاری کر رہے ہیں، کے ساتھ سیاسی رشتہ توڑ دیا ہے اور وہ فی الوقت جنوبی کشمیر کی تعمیر وترقی پر ہی توجہ مرکوز کریں گے۔ منظور گنائی نے بتایا کہ بی جے پی میں کے بعد پی ڈی پی میں چلے گئے اور بعد ازاں اپنی پارٹی میں شامل ہو گئے، تاہم اب فی الحال وہ پارٹیوں کے بجاے زمینی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور پنچایتی راج کی کامیاب عمل آوری کے حوالہ سے جد و جہد کریں گے۔