سرینگر (جموں کشمیر) :یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں گزشتہ چھ برسوں کے دوران آتشزدگی کے واقعات میں چار سو 86 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں جبکہ 510 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو یکم جنوری 2018 سے 31 دسمبر 2023 تک آتشزدگی کے واقعات کی اطلاع دینے والی کل 26 ہزار 354 فون کالزموصول ہوئی ہیں۔
سماجی کارکن ایم ایم سجاع کی جانب سے دائر کی گئی آر ٹی آئی RTI میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ 6 برس کے دوران آتشزدگی کے واقعات میں 4 سو 86 افراد ہلاک اور 510 زخمی ہو گئے ہیں جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے 9 اہلکار بھی فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اعداد وشمار سے ظاہر ہوا ہے کہ آتشزدگی کے ان واقعات میں اس عرصے کے دوران 20285.48 ہزار کروڑ روپے کے مالیت کی املاک آگ کی زد میں آئی ہیں جن میں 1362.38 ہزار کروڑ روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 18929 کروڑ روپے مالیت کی املاک کو بچایا گیا ہے۔