مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 58 ہوگئی ہے۔ کولکاتا پورٹ ٹرسٹ نے کہا کہ ہماری تعمیراتی کمپنی میں ملازم کورونا وائرس ٹسٹ میں مثبت پاگیا ہے جبکہ یہ شخص 24 مارچ کو ہی دہلی سے واپس آیا ہے۔

مرکزنظام الدین کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ہلدیہ میونسپلٹی میں خون کی جانچ کی گئی تویہ شخص کورونا وائرس سے متاثر پا گیا ہے۔
کولکاتا پورٹ ٹرسٹ نے کہاکہ اس کی وجہ سے ڈگ میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لیبر کام پر نہیں آئے ہیں۔ متاثر شخص کے رابطے میں آنے والے افسران اور دیگر افراد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
مغربی بنگال میں تبلیغی جماعت سے شرکت کرکے آنے والے 65 افراد کی شناخت کی گئی ہے اور ان کے رابطے میں آنے والے 200 افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
جبکہ ابھی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال میں کل 58 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ 7 افراد کی موت ہوگئی ہے اور 12 افراد صحت مند بھی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
تاہم مغربی بنگال حکومت نے کہا ہے کہ مرنے والوں میں سے 7 میں سے چار افراد کی موت دوسری بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اسی طرح حکومت نے جواعداد و شمار پیش کئے ہیں اس میں بھی فرق ہے۔