مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ کی تیاریوں کے درمیان کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب حالات مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود بیشتر مقامات پر انتخابی مہم کے دوران کورونا گائیڈ لائن کی دھجیاں بھی اڑائی جا رہی ہیں۔
مغربی بنگال میں مسلسل چھٹے روز 15 ہزار کے قریب کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 65 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
دارالحکومت کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ ضلع پر کورونا وائرس کی دوسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باوجود مختلف مقامات کورونا گائیڈ لائن کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ریاست مغربی بنگال میں کورونا وائرس بے قابو ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی آکسیجن سلنڈر کی کمی ہونے لگی ہے جو محکمہ صحت اور حکومت دونوں کے لئے تشویش کا سبب ہے۔
غور طلب ہے کہ انتخابی مہم کے دوران کانگریس کے امیدوار ریاض الحق اور متحدہ اتحاد کی حمایت یافتہ آر ایس پی کے امیدوار پردیپ نندی کی کورونا کے سبب موت ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ بنگلہ زبان کے مشہور شاعرشانکو گھوش اور مشہور موسیقار کی موت ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد سات لاکھ 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس بیماری سے اب تک ساڑھے دس ہزار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔