مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے، جس کے سبب کورونا کے نئے کیسز اور مرنے والوں کی تعداد میں تشویشناک طور پر اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ایک اندازے سے بھی زیادہ خطرناک اور تین گناہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ جس کے سبب پوری ریاست اس کی زد میں آچکی ہے۔
مغربی بنگال کا ایک بھی ایسا ضلع نہیں ہے جو اس وقت کورونا وائرس کی زد میں نہ ہو، ان میں شمالی 24 پرگنہ پہلے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 47 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ پانچ ہزار 104 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ کورونا سے ہلاک ہونے والے اور نئے مریضوں کے معاملے میں شمالی 24 پرگنہ ریاست میں پہلی پوزیش پر ہے۔ دارالحکومت کولکاتا دوسرے نمبر پر ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے حالات تشویش کا باعث ہے۔ ضلع کے تمام سرکاری دفاتر کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوسری طرف ریاستی حکومت نے شمالی 24 پرگنہ کے تیزی سے بگڑے حالات پر ضلع مجسٹریٹ، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ضلع صحت انتظامیہ کے سربراہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 10 لاکھ 12 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ اس بیماری سے اب تک 13 ہزار لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں منی لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لوکل ٹرین خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ ہوائی جہاز اور ایکسپریس ٹرین سے سفر کر کے بنگال میں داخل ہونے والوں کے لئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا نیگیٹو رپورٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔