کانگریس کے امیدوار کے لیے روڈ شو کے بعد ایک نکڑ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے 'پرینکا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ایک منجھے ہوئے اداکار کی طرح جملے بازی کرتے ہیں۔ ان میں حقیقت میں رہنما نہیں بلکہ اداکار کی شبیہ نظر آتی ہے۔ ان کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اچھا ہوتا کہ امیتابھ بچن کو وزیراعظم بنایا دیا جاتا۔'
کسانوں کے لیے مودی حکومت کی طرف سے ہر برس 6 ہزار روپے کی 'سمان ندھی' کو توہین آمیز بتاتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ 'کسانوں کا خیرخواہ بننے والے کو دہلی میں کسانوں سے ملنے کے لیے پانچ منٹ تک کا وقت نہیں ملا۔ وہ کسانوں کا حال چال تک نہیں پوچھتے۔ وہ کسانوں کے بارے میں نہیں سوچتے، وہ امیر کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہیں۔ مودی حکومت مضبوط حکومت نہیں مغرور حکومت ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جو کچھ بھی کہا، اسے کر دکھایا ہے۔ نیائے یوجنا (انصاف) ملک میں خاص طور پر غریب اور خواتین کی قسمت کو تبدیل کرے گا۔ اگر کانگریس کی حکومت تشکیل ہوئی تو طلبا کو تعلیمی قرض بغیر سود کے دیا جائے گا۔ اس سے ہونہار طلبا کی پڑھائی آسان ہو جائے گی۔'