علی گڑھ:مصری کلچرل اتاشے، نئی دہلی پروفیسر احمد القاضی کے کنبہ پر مشتمل ایک وفد نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی، شعبہ عربی کا دورہ کیا جس میں امریکن یونیورسیٹی قاہرہ میں انگریزی زبان وادب کی پروفیسر یاسمین القاضی اور ان کی دو صاحبزادیاں انجینئر نسرین احمد القاضی اور نرگس احمد القاضی شامل تھیں۔
اس وفد نے مصر اور ہندوستان کی تہذیبی اور تمدنی قدروں، فنون لطیفہ اور ادب وشاعری کے مشترک موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ ہندوستانی رسوم ورواج اور یہاں کے ماکولات ومشروبات کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر یاسمین القاضی نے کہا کہ ہندوستانی کھانوں کا پوری دنیا میں کوئی بدل نہیں ہے، نیز انہوں نے کہا کہ مصر اور ہندوستان کافی چیزوں میں مشترک ہیں، یہاں کی فلمیں مصر میں کافی دلچسپی سے دیکھی جاتی ہیں، لسانی اور تمدنی سطح پر بھی میل جول کی تاریخ ہے، انہوں نے نوبل انعام یافتہ ناول نگار نجیب محفوظ کی تخلیقات میں سماجی اور ثقافتی قدروں کی نمائندگی کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔
صدر شعبہ پروفیسر محمد ثناء اللہ ندوی نے بتایا کہ مصر کے اردو زبان وادب اور ہندوستانی ثقافت سے گہرے روابط تاریخ کے مختلف ادوار میں رہے ہیں، علامہ شبلی کے ۲۹۸۱ء میں دورہ مصر کے بعد مصری اداروں اور شخصیات نے اردو زبان وادب سے خصوصی شغف کا مظاہرہ کیا ہے۔ مصر کی متعدد یونیورسیٹیوں میں اردو کے شعبے قائم ہیں، اردو کے مصری فضلاء،دانشوروں اور شاعروں نے ہندوستان کی تاریخ، اردو ادب، تنقید، شاعری اور قواعد جیسے موضوعات کو اپنی تحریروں اور تخلیقات کا موضوع بنایا ہے جن میں پروفیسر تغرید البیومی، عین شمس یونیورسیٹی کی معروف پروفیسر اور شاعرہ ولاء جمال العسیلی، قاہرہ یونیورسیٹی کے پروفیسر جلال سعید حفناوی اور پروفیسر احمد القاضی سر فہرست ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اے ایم یو میں فائرنگ کا واقعہ، ایک طالبہ زخمی، ملزم گرفتار
صدر شعبہ نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے بہت خوشی ومسرت کا مقام ہے کہ مصری وفد سے شعبہ کے طلباء متعارف ہوں اور ان سے وہاں کی علمی اور ثقافتی فضا سے متعلق سوالات کریں۔